عوام سے مسلسل دوری، نئے سال کے آغاز پر سوشیل میڈیا میں موضوع بحث
حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) سال 2024 کے اختتام پر تلنگانہ کی اہم سیاسی تبدیلیوں کے بارے میں سوشیل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کئے جارہے ہیں۔ سال 2024 ریونت ریڈی کیلئے عروج کا سال ثابت ہوا جبکہ بی آر ایس سربراہ کے سی آر اور ان کی پارٹی کیلئے برعکس رہا۔ سوشیل میڈیا پر کے سی آر سے متعلق دلچسپ تبصرے کئے جارہے ہیں کیونکہ 2024 میں کے سی آر عوام کے درمیان نہیں آئے اور گجویل میں واقع اپنے فارم ہاوز تک محدود رہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بی آر ایس سربراہ نے اقتدار سے محرومی کے بعد فارم ہاوز کا جو رخ کیا تھا وہ شائد مزید کچھ ماہ تک جاری رہے گا۔ کے سی آر نے اپنے قریبی ساتھیوں سے کہا ہے کہ وہ ریونت ریڈی حکومت کو دیڑھ سال کی مہلت دے رہے ہیں اور دیڑھ سال گذرنے کے بعد حکومت کی ناکامیوں کو لیکر عوام کے درمیان آئیں گے۔ کے سی آر نے اسمبلی کے اجلاسوں میں بھی شرکت نہیں کی اور ایک سال میں صرف ایک مرتبہ حاضری درج کرانے کیلئے رسمی طور پر آئے تھے۔ انہوں نے رکن اسمبلی کے عہدہ کا حلف 15 جولائی کو لیا کیونکہ وہ اسمبلی نتائج کے بعد گھر میں گرجانے سے زخمی ہوگئے تھے اور ان کے کولہے کا آپریشن کیا گیا۔ اسمبلی کی رکنیت کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے بجٹ اجلاس میں ایک دن رسمی طور پر شرکت کی اس کے بعد سے فارم ہاوز کے باہر دکھائی نہیں دیئے۔ ایک سال تک فارم ہاوز میں کے سی آر کا قیام سوشیل میڈیا میں عوامی تبصروں کو دعوت دے رہا ہے۔ شائد ہی کسی ریاست کی تاریخ میں اقتدار سے محرومی کے بعد کوئی سابق چیف منسٹر ایک سال تک عوام کے درمیان نظر نہیں آئے۔1