برلن : تازہ ترین سالانہ اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں گزشتہ برس تقریبآ اٹھارہ ہزار بچوں اور نوجوانوں کا جنسی استحصال کیا گیا۔ 14سال سے کم عمر کے ان متاثرین میں سے دو ہزار تین سو کے قریب چھ سال سے بھی کم عمر کے بچے تھے۔جرائم کی چھان بین کرنے والے وفاقی جرمن دفتر فیڈرل کریمینل آفس (BKA) کیسربراہ ہولگر میْونش نے پیر 30 مئی کو برلن میں سال 2021ء کے دوران ایسے جرائم کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس پورے ملک میں بچوں اور نوجوانوں کے جنسی استحصال اور ان کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے 17 ہزار 700 سے زائد کیس درج کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ نابالغ افراد کے جنسی استحصال کے ایسے واقعات کی یومیہ بنیادوں پر اوسط 49 بنتی ہے۔