امراوتی 30 مئی ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج ادعا کیا کہ ان کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے ایک سال میں اپنے بیشتر انتخابی وعدوں کو پورا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مابقی وعدوں کو بھی جلد پورا کرنے کی جدوجہد کرینگے ۔ جگن نے اپنی حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتخابی منشور میں 129 وعدے کئے گئے تھے ۔ ان میں سے 77 وعدوں کو پرا کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے مزید 40 انتخابی وعدوں کی مارچ 2021 تک تکمیل کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے اور مزید 16 وعدوں کی تکمیل باقی رہ جائے گی اور اس کیلئے بھی وہ کوششیں تیز کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ انتخابی منشور کی نقول عوام کے گھروں کو روانہ کرینگے تاکہ وہ خود فیصلہ کرسکیں کہ حکومت نے وعدے پورے کئے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ریاست کی معاشی حالت ابتر تھی اور قرض بھی بہت تھا ۔ اس کے باوجود حکومت نے کوئی فلاحی اسکیم نہیں روکی اور مسکراتے ہوئے ہر کام انجام دیا ہے اور آگے بھی اس کا سلسلہ جاری رہے گا ۔