سفر کی آسانی کے ساتھ خریداری میں نیا رجحان لانے میں مددگار ثابت ، ہرچیز کو بہتر انداز میں ملاحظہ کی سہولت
حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) گوگل کا’’ اسٹریٹ ویو فیچر‘‘ ہندوستان میں دوبارہ دستیاب ہوگیا ہے۔ گوگل نے بنگلورو میں ’’ پراجکٹ گلی فائی ‘‘ کے نام سے ’ اسٹریٹ ویو‘ سرویسز کا آغاز کیا ہے۔ گوگل نے اعلان کیا ہے کہ حیدرآباد ، کولکتہ ، وڈودرا، احمد نگر، امرتسر، چینائی، دہلی، ممبئی اور پونے کے علاوہ ملک کے دیگر 50 شہروں میں اس سال کے اواخر تک اس طرح کی خدمات فراہم کردی جائیں گی۔ گوگل نے ٹیک مہیندرا اور جنسیس انٹر نیشنل کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے ہندوستان میں ’اسٹریٹ ویو ‘ کو متعارف کرایا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’ اسٹریٹ ویو‘ گوگل میاپس کے صارفین کو سفر کو آسان بنانے کے ساتھ خریداری میں ایک نیا رجحان لانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس فیچر کو مزید کارآمد بنانے کیلئے حکومتوں اور مقامی کمپنیوں کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔ دو سال میں 7 لاکھ کلو میٹر سڑکوں کی نقشہ سازی کی جائے گی۔ سڑک کے نظارے کے ساتھ گوگل نے سڑک حادثات کو روکنے کیلئے گوگل میاپس رفتار کی حد کا آپشن بھی دستیاب کررہا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ خدمات مقامی پولیس کی مدد سے شروع کی جارہی ہیں۔ گوگل میاپس گاڑی چلانے والوں کو بتاتا ہے کہ متعلقہ سڑکوں پر کتنی تیزی سے گاڑی چلانا ہے۔ جس پر وہ سفر کررہے ہیں اگر کہیں بھی سڑکیں بند ہوں تو اس کی بھی نشاندہی ہوگی۔ یہ ہوا کی معیار کو جاننے کی بھی سہولت فراہم کرتا ہے۔ گوگل اسٹریٹ ویو کو استعمال کرنے کیلئے ہمیں اس علاقہ کے ہوٹلس، شاپنگ مالس وغیرہ کو گوگل میاپس میں تلاش کرنا ہوگا۔ پھر اسٹریٹ ویو کو منتخب کرنا ہوگا۔ مثال کے طور پر اگر ہم کسی بھی ہوٹل کو تلاش کرتے ہیں اور سڑک کا منظر منتخب کرتے ہیں تو ہمیں اس کے سامنے والی سڑک اور ارد گرد کا منظر نظر آئے گا۔ اس جگہ کا نظارہ 360 ڈگری پنیوراما شاٹ میں معلوم ہوتا ہے۔ اب سڑکوں پر زوم شاٹ کرکے ہوٹل کے آس پاس دیکھ سکتے ہیں۔ آپ ہوٹل کے اندر جاکر وہاں چیک کرسکتے ہیں اور ساتھ ہی آپ شاپنگ مالس میں جاکر وہاں سب کچھ دیکھ سکتے ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم ورچول وہاں گھوم پھر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گوگل نے 2011 میں اسٹریٹ ویو فیچر کو متعارف کرایا تھا تاہم محکمہ دفاع کی تفصیلات دہشت گردوں ، ملک دشمن طاقتوں تک آسانی سے رسائی کرجانے کے خطرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے 2016 میں ’اسٹریٹ ویو‘ پر پابندی لگادی گئی تھی۔ ٹیک مہیندرا نے اسکارپیو گاڑیوں کو سڑکوں پر کیمروں کے ساتھ گھماکر تصاویر اکٹھا کی ہیں۔ گوگل میاپس اسٹریٹ ویو پر ماضی میں جو شکوک و شبہات تھے دوبارہ اس کو اٹھائے جارہے ہیں۔ مقامی اداروں کے تعاون سے ’ اسٹریٹ ویو‘ کو متعارف کرایا گیا ہے۔ سرکاری، دفاع، فوج سے متعلق علاقوں میں اسٹریٹ ویو دستیاب نہیں رہے گا جس کی گوگل میاپس کے وائس پریسیڈنٹ مریم کارتک ڈنیل نے تصدیق کی ہے۔ن