ملک بھر میں راہول گاندھی کے حق میں مہم کا فیصلہ
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر انہیں اے آئی سی سی میں او بی سی شعبہ کا کنوینر مقرر کیا جائے تو وہ ملک بھر کا دورہ کرتے ہوئے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے حق میں مہم چلائیں گے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کمزور طبقات کے ساتھ ملک میں جہاں کہیں ناانصافی ہوتی ہے وہ فوری پہنچ کر انصاف کیلئے جدوجہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کیریئر میں انہیں دو مرتبہ چیف منسٹر کے عہدہ کا موقع ملا تھا لیکن انہوں نے اسے حاصل نہیں کیا کیونکہ وہ عہدوں کیلئے نہیں بلکہ پارٹی کیلئے کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی کو ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ پر دیکھنا ان کا واحد مقصد ہے۔ وہ راہول گاندھی کے حق میں ملک بھر میں مہم چلانے کیلئے تیار ہیں۔ سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تائید کی ہے۔ کمزور طبقات کے ساتھ انصاف کیلئے مردم شماری ضروری ہے۔ 1931 میں آخری مرتبہ ذات پات کی مردم شماری کی گئی تھی اس کے بعد کمزور طبقات کی حقیقی آبادی کا کسی کو پتہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ماسوا تمام سیاسی پارٹیاں ذات پات پر مبنی زمرہ بندی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسمبلی میں مردم شماری کے حق میں بیان دیا ہے۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں مردم شماری کے آغاز کی تیاریاں ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مردم شماری کیلئے 150 کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ او بی سی ارکان پارلیمنٹ کے کنوینر کی حیثیت سے انہوں نے آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم میں پسماندہ طبقات کو تحفظات کے حق میں مہم چلائی تھی اور اسے کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم میں تحفظات سے نوجوانوں کو فائدہ ہوا۔ 1