اے پی : امتحانی مرکز کے باہر انٹر طالب علم گرکر فوت

   

امراوتی ۔ 10 مئی ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کے تروپتی ضلع میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک 12 ویں جماعت کا طالب علم امتحانی مرکز کے باہر انتظار کے دوران گرپڑا اور دواخانہ میں اسے مردہ قرار دیدیا گیا ۔ 17 سالہ ستیش انٹرمیڈیٹ سال دوم کا طال علم تھا اور وہ گڈورو ٹاؤن میں امتحانی مرکز کے باہر انتظار میں تھا ۔ ڈاکٹرس کے بموجب یہ طالب علم دواخانہ پہونچائے جانے سے قبل ہی فوت ہوگیا اور شبہ ہے کہ اس کے قلب پر حملہ ہوا تھا ۔ وہ کماواریپلی گاوں سے تعلق رکھتا تھا اور ایک خانگی کالج کا طالب علم تھا ۔ وہ ہر روز امتحان کیلئے گاوں سے شہر تک سفر کر رہا تھا ۔ آج بھی وہ امتحانی مرکز کے باہر دوسرے طلباء کے ساتھ امتحان کا منتظر تھا کہ اچانک اسے پسینے شروع ہوگئے اور وہ زمین پر گرپڑا ۔ اسے سرکاری دواخانہ گڈورو منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ اطلاع ملنے پر والدین بھی وہاں پہونچ گئے اور نوجوان بیٹے کی موت پر بے تحاشہ رونے لگے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔