سرکاری رقومات کے بیجا استعمال پر حکومت کی کارروائی
حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے سینئر آئی پی ایس عہدیدار این سنجے کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا ہے۔ چیف سکریٹری نیربھ کمار پرساد نے اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 2088 جاری کیا۔ این سنجے سابق میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل کرائم انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ اور ڈائرکٹر جنرل ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ فائر سرویسیس کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ عہدوں پر خدمات انجام دہی کے دوران سرکاری فنڈز کے بیجا استعمال کا الزام عائد کیا اور اس سلسلہ میں تحقیقاتی کمیٹی نے الزامات پر حکومت کو رپورٹ پیش کی۔ ڈائرکٹر جنرل ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ فائر سرویسیس کے عہدہ پر ویب پورٹل کی تیاری اور ہارڈ ویر کی سربراہی کیلئے 2کروڑ 29 لاکھ 61 ہزار کا ٹنڈر طلب کیا گیا اور ایک خانگی کمپنی کا انتخاب عمل میں آیا۔ ٹیکنیکل کمیٹی نے اس معاملہ میں سرکاری فنڈز کے بیجا استعمال کی نشاندہی کی ہے۔ کمیٹی نے حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈی جی پی این سنجے کی مختلف سرگرمیوں اور سرکاری فنڈز کے استعمال کے سلسلہ میں تفصیلات پیش کی۔ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹنڈر پراسیس کی تکمیل اور سرکاری رقومات کے بیجا استعمال کے الزامات پر حکومت نے انہیں فوری اثر کے ساتھ معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ تحقیقات کی تکمیل تک معطلی برقرار رہے گی۔ معطلی کے دوران این سنجے وجئے واڑہ میں موجود رہیں گے اور حکومت سے اجازت کے بغیر ہیڈکوارٹر نہیں چھوڑ سکتے۔1