بے ہنگم ڈرائیونگ سے حادثات ، ماہرین کمیٹی رپورٹ میں وضاحت
حیدرآباد۔30ڈسمبر(سیاست نیوز) بائیو ڈائیورسٹی فلائی اوور کے ڈیزائن میں کوئی خامی نہیں ہے بلکہ اب تک ہونے والے دو خطرناک حادثات بے ہنگ ڈرائیونگ کے سبب پیش آئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ بائیوڈائیورسٹی پارک فلائی اوور کے افتتاح کے اندرون 20یوم پیش آنے والے دو حادثات کے بعد بند کئے گئے فلائی اوور کو دن کے اوقات میں استعمال کے لئے کھول دینے پر غور کیا جا رہاہے کیونکہ جو رپورٹ موصول ہوئی ہے اس کے مطابق فلائی اوور کے ڈیزائن یا کسی اور چیز میں کوئی خامی نہیں ہے اور تعمیری اعتبار سے فلائی اوور پوری طرح سے محفوظ ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہونے والے حادثات کے سلسلہ میں رپورٹ میں واضح کہہ دیا گیا ہے کہ ان حادثوں کی وجہ بے ہنگم ڈرائیونگ ہے۔ماہرین کی کمیٹی نے اپنی رپورٹ محکمہ پولیس اور بلدیہ کو پیش کردی ہے جس میں یہ بات واضح کی گئی ہے جس مقام پر حادثات پیش آئے ہیں ان مقامات پر دیوار کو کچھ اونچا کرنے کے علاوہ سائن بورڈ آویزاں کرتے ہوئے ڈرائیورکو چوکنا کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ بلدیہ اور پولیس کے عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس فلائی اوور کو دن کے اوقات میں کھلا رکھا جائے اور رات میں بند کردیا جایء تاکہ ٹریفک کے اوقات میں ہی فلائی اوور کا لوگ استعمال کرسکیں۔علاوہ ازیں محکمہ بلدیہ کی جانب سے فلائی اوور کی سڑک اور بازوؤں پر موجود دیواروں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس دیوار کے اوپر ایک آہنی ریلنگ کی تنصیب عمل میں لائی جائے اور اس آہنی ریلنگ کے ساتھ سائن بورڈ کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی تاکہ فلائی اوور کا استعمال کرنے والوں کو متنبہ کیا جاتا رہے اس کے علاوہ فلائی اوور پر اسپیڈ کنٹرول کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔