بارٹی نے 41 برس بعد ومبلڈن جیتنے کا آسٹریلیائی ریکارڈ بنایا

   

لندن۔ عالمی نمبر ایک ایشلے بارٹی نے سیزن کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن کے خطابی اور تین سٹوں پر مشتمل سنسنی خیز مقابلے میں چیک جمہوریہ کی عالمی نمبر 8 ویں کھلاڑی کیرولینا پلسکووا کو شکست دیکر ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ بارٹی نے کرولینا پلسکووا کو 6-3 6-7 (4) 6-3 سے شکست دے کر ہفتہ کے دن 41 سال بعدومبلڈن سنگلز خطاب جیتنے والی پہلی آسٹریلیائی خاتون بن گئی۔ فائنل میں کیرولینا پلسکوا نے ایک سے زیادہ مرتبہ مقابلے میں واپسی کی لیکن وہ شاندار واپسی کے باوجود بارٹی کو کرئیر کا دوسرا گرانڈ سلام حاصل کرنے سے روک نہیں پائی۔ ٹاپ سیڈ بارٹی نے اس چمپئن شپ کو دوسرے گرانڈ سلام کے طور پر اپنے فتوحات کی فہرست میں شامل کیا جیسا انہوں نے 2019 میں فرنچ اوپن جیتا تھا۔بارٹی کی یہ کامیابی اس لئے بھی ایک ریکارڈ ہے کیونکہ 1980 میں آوون گلگونگ کے بعد آل انگلینڈ کلب میں سنگلز ٹرافی جیتنے والی وہ پہلی آسٹریلیائی خاتون ہیں۔ بارٹی نے اس کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے وہ گلگونگ سے متاثر ہوئیں اور بچپن میں ان کا کھیل دیکھتے ہوئے وہ بڑی ہوئی ہیں اور ومبلڈن میں اسی انداز کا لباس پہنا جو گلگونگ کے لباس سے مشابہہ ہے تاکہ وہ اپنی مثالی کھلاڑی کوخراج تحسین پیش کریں۔گلگونگ نے 1971 میں پہلی بار ٹورنامنٹ جیتا تھا۔