سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے نور باغ علاقے میں جمعرات کی شب آگ کی ایک خوف ناک واردات نے شیخ کالونی کی بستی کو خاکستر کرکے قریب پچاس کنبوں کو بے گھر کر دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے نور باغ علاقے کی شیخ کالونی میں جمعرات کی شب آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں پوری کالونی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے قریب ایک درجن فائر ٹنڈرس کو کام پر لگا دیا گیا لیکن وہ کم سے کم پندرہ مکانوں کو خاکستر ہونے سے نہیں بچا سکے جس سے قریب پچاس خاندان بے گھر ہوگئے ۔ان کا کہنا تھا کہ گیس سلینڈروں کے دھماکے ان کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہے تھے ۔مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کی اس واردات سے ہونے والا نقصان اس قدر بے تحاشا ہے کہ اس کا تخمینہ لگانا بھی مشکل لگتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آگ جمعرات کی شب قریب ساڑھے نو بجے لگ گئی جس نے پوری کالونی کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ متاثرین کا کچھ بھی نہیں بچ گیا اور انہیں سر چھپانے کے لئے بھی جگہ نہیں رہی۔ایک مقامی شہری نے بتایا کہ پولیس، محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے عملے ، فوج اور مقامی لوگوں نے سخت محنت کرکے اس آگ کو قابو میں کر لیا۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔