’’باندرہ اسٹیشن پرمزدوروں کی بھیڑ اکھٹا ہونا سازش ‘‘

,

   

سیاسی عناصر کارفرما، کانگریس کا الزام۔ باندرہ واقعہ کا اعادہ نہ ہو : شردپوار

نئی دہلی ؍ ممبئی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں صدر راج نافذ کرنے کیلئے سیاسی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ ممبئی کے باندرہ ریلوے اسٹیشن کے پاس گذشتہ روز بیرون ریاست کے مزدوروں کا بڑے پیمانے پر اکھٹا ہونا اتفاق نہیں ہوسکتا، اس کی جامع تحقیقات کی جائے۔ مہاراشٹرا کے وزیر تعمیرات اشوک چوان نے ساوتھ سنٹرل ریلوے کے 13 اپریل کے بیان کا حوالہ دیا کہ مزدوروں کیلئے خصوصی ٹرین چلائی جائیں گی۔ چوان نے کہا کہ یہ باندرہ میں بھیڑ اکھٹا ہونے کا مؤجب بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے کی کوشش اور کوروناوائرس سے لڑنے میں ریاست کی مساعی کو ناکام بنانا ہے۔ چیف منسٹر ادھوٹھاکرے زیرقیادت مخلوط حکومت میں شامل این سی پی کے سربراہ شردپوار نے بھی باندرہ کے واقعہ کو بدبختانہ قرار دیا اور کہا کہ کوویڈ۔ 19 بحران کے دوران ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اسٹیشن کے باہر اس لئے جمع ہوگئے کیونکہ کسی نے افواہ پھیلادی کہ ٹرین سرویس بحال ہورہی ہے۔ آئندہ احتیاط برتنا ہوگا کہ الجھن پیدا کرنے والے پیغامات گشت نہ کرنے پائے۔ چوان نے ویڈیو لنک کے ذریعہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ مزدوروں کو بھڑکانے کے پس پردہ کون کارفرما ہے اور خاطیوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ پھنسے ہوئے ورکرس کو ان کے آبائی دیہات تک پہنچنے میں مدد کریں۔ پرینکا نے کہا کہ خدا کیلئے نریندر مودی جی ، پلیز ان کی مدد کیجئے۔