منامہ: بحرین نے کورونا ویکسین لگوانے کے لیے ایک شاندار سہولت متعارف کرا دی ہے۔ بحرینی صحت حکام کے مطابق جو لوگ کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لگوالیں گے، انہیں ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کیا جائے گا جو ان کے کورونا سے محفوظ ہونے کو ظاہر کرے گا۔تفصیلات کے مطابق خلیجی ملک بحرین نے کوروناویکسین لگوانے والے مقامی افراد اور تارکین کے لیے ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس لحاظ سے بحرین وہ پہلا ملک ہو گا، جہاں ویکسی نیشن کے بعد ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔ بحرینی میڈیا کے مطابق ویکسی نیشن سے متعلق ایپ میں ویکسین لگوانے والوں میں دوہفتے کے بعد مدافعتی درجہ ظاہر ہوگا کیونکہ ویکسینیشن کے دو ہفتے بعد ہی کسی شخص میں کورونا سے نمٹنے کے لیے اینٹی باڈیز یعنی مدافعتی قوتیں پیدا ہوں گی۔کوئی شخص جب ویکسین کے دونوں انجکشن لگوالے گا تواس ایپ پر یہ ظاہر ہو جائے گا کہ اس شخص نے ویکسین لگوا لی ہے۔