واشنگٹن، 5 فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوول آفس میں پریس کانفرنس کے دوران ایک خاتون صحافی پر برہم ہوگئے ۔ پریس کانفرنس کے دوران صحافی کیٹلن کولنز نے ڈونلڈ ٹرمپ سے بدنام زمانہ جنسی اسکینڈل ایپسٹین سے متعلق سوال پوچھا تو وہ طیش میں آگئے اور رپورٹر کو برا بھلا بھی کہا۔ امریکی صدر نے خاتون صحافی سے کہا کہ آپ ایک بدترین رپورٹر ہیں، سی این این کی ریٹنگز آپ جیسے لوگوں کی وجہ سے کم ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں آپ کو 10 سال سے جانتا ہوں اور اس دوران میں نے کبھی آپ کو مسکراتے ہوئے نہیں دیکھا، کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کیوں نہیں مسکراتیں؟ کیونکہ آپ جانتی ہیں کہ آپ سچ نہیں بول رہی ہیں۔ امریکی صدر نے کیٹلن کولنز سے مزید کہا کہ آپ ایماندار نہیں ہیں اور آپ کے ادارے کو اس بات پر شرمندہ ہونا چاہیے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ایپسٹین میں میرے بارے میں کچھ نہیں نکلا تو مجھے لگتا ہے اب وقت آگیا ہے کہ ملک اس تنازع کو چھوڑ کر آگے بڑھے ۔
جوہری مذاکرات :آیت اللہ خامنہ ای کو فکرمند ہونا چاہیے : ٹرمپ
واشنگٹن، 5 فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جوہری مذاکرات کے معاملے پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو بہت فکرمند ہونا چاہیے ۔ یہ بات انہوں نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ تاہم اس انٹرویو کی مزید تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔ اس موقع پر کیے جانے والے ایرانی مطالبات سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایرانی سپریم لیڈر کو فکر مند ہونا چاہیے ۔ دوسری جانب مصر میں تعینات ایرانی سفیر نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی منسوخی کی خبریں درست نہیں ہیں۔ قبل ازیں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ نے مذاکرات کے مقام اور نوعیت کی تبدیلی کا ایران کا مطالبہ یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ روز مذاکرات کا مقام تبدیل کرنے ، علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے اور بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رکھنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم امریکہ مذاکرات میں ایرانی میزائل پروگرام سمیت دیگر امور بھی شامل کرنا چاہتا ہے ۔