بدھ اقلیتوں کیلئے 225کروڑ روپئے کے 38منصوبے

   

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے جمعہ کو ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، اروناچل پردیش، سکم اور مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں بدھ برادری کی ترقی کے لیے 225 کروڑ روپے کے 38 پروجیکٹوں کا ورچول طور پر سنگ بنیاد رکھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ آج ہم نے بدھ مت کی اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے 225 کروڑ روپے کا بدھ مت ترقیاتی منصوبہ وقف کیا ہے ۔وزیر نے دہلی یونیورسٹی میں سنٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان بدھسٹ اسٹڈیز کو مضبوط بنانے کے لیے 30 کروڑ روپے کی مالی امداد کا مزید اعلان کیا۔ یہ مرکز علمی تعاون، تحقیق کو فروغ دینے ، زبان کے تحفظ اور بدھ آبادی کی مہارت کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔ ایرانی نے کہاکہ بدھ مت کے ترقیاتی منصوبے کے تحت اروناچل پردیش کے لیے 41 کروڑ روپے کے 10 منصوبے اور سکم کے لیے 43.98 لاکھ روپے کے 10 منصوبے ، ہماچل پردیش کے لیے 25.45 کروڑ روپے کے 11 منصوبے ، اتراکھنڈ کے لیے 15.14 لاکھ روپے کی تین تجاویز اور 14.50 کروڑ روپے کی دو تجاویز لداخ کیلئے وقف کی گئی ہیں۔