برطانوی حکومت کی شرائط سے ہندوستانی طلبہ کو مشکلات

   

۔ 10 دن کے کورنٹائن اور دو مرتبہ کورونا ٹسٹ لازمی رہے گا
حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) برطانوی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی مسافرین کے لئے ویکسین سے متعلق نئی شرائط ہندوستانی طلبہ کی تشویش میں اضافہ کا سبب بن چکی ہے ۔ برطانیہ نے ہندوستان سے آنے والے مسافرین کے لئے 10 دن کے کورنٹائن کو لازمی قرار دیا ہے ۔ ویکسین کی دونوں خوراک لینے کے باوجود ہندوستان کے مسافرین کو پہنچنے کے بعد 10 دن تک کورنٹائن رہنا ہوگا اور کورنٹائن کے دوسرے اور 8 ویں دن کورونا ٹسٹ کرانے کی شرط رکھی گئی ہے ۔ بین الاقوامی ٹراویل رولز کی اجرائی کے بعد ہندستانی طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ اگرچیکہ وہ ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرچکے ہیں لیکن انہیں کورنٹائن کے مرحلہ سے گزرنا ہوگا ۔ واضح رہے کہ 17 ستمبر کو برطانیہ نے برین الاقوامی مسافرین کیلئے نئے قواعد کا اعلان کیا ۔ برطانیہ ، یوروپ ، امریکہ اور دیگر 17 ممالک میں ویکسین حاصل کرنے والے افراد کو کورنٹائن کے بغیر داخلہ کی اجازت رہے گی۔ آسٹریلیا، اسرائیل ، جاپان اور سنگا پور کو 17 ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ برخلاف اس کے ہندوستان میں کورونا کی دونوں خوراک حاصل کرنے کے باوجود مسافرین کے لئے 10 دن کا کورنٹائن لازمی رہے گا۔ برطانوی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے جانے وبالے مقامی طلبہ نے نئے قواعد پر اعتراض کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کے طلبہ کے مقابلہ ہندوستانی طلبہ کے ساتھ جانبدارانہ رویہ ہے ۔ کورنٹائن کی مدت ختم ہونے کے باوجود طلبہ مختلف شرائط کے تابع رہیں گے ۔10 دن کے کورنٹائن اور دو مرتبہ ٹسٹ سے طلبہ پر کافی بوجھ پڑے گا ۔ غریب اور متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ حکومت کی اسکالرشپ کے ذریعہ اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن اور دیگر ممالک روانہ ہوتے ہیں۔R
بتایا جاتا ہے کہ کورنٹائن اور ٹسٹ سے طلبہ پر مزید ایک لاکھ روپئے کا بوجھ پڑسکتا ہے ۔ مرکزی حکومت نے ہندوستانی طلبہ کے ساتھ جانبداری کے رویہ پر برطانوی حکام سے نمائندگی کی ہے۔ R