برقراری امن کیلئے ہر شہری ، سرکاری مشنری کا تعاون کریں

   

قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی اپیل ، بھینسہ میں امن کمیٹی اجلاس، مختلف شخصیتوں کا خطاب

بھینسہ۔ بھینسہ شہرکے Mpdo دفتر میں محکمہ مال اورمحکمہ پولیس کے اشتراک سے نوراتری و درگا دیوی جلوس کے پیش نظر امن کمیٹی اجلاس منعقدکیا گیا ۔ جس میں تمام محکمہ جات بلدی ، برقی، آبکاری، آتش فرو، صحت کے علاہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین کے علاوہ ہندو اتسوکمیٹی اور سرکاری عہدیداران جن میں ڈی ایس پی نرسنگ راؤ، ٹاؤن سرکل انسپکٹر وینوگوپال راؤ، تحصیلدار نرسیاء ، ڈپٹی تحصیلدار رامچندر، بلدیہ کمشنر محمد عبدالقدیر، برقی اے ای عبدالعظیم،ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر آشیش ریڈی، ڈاکٹر متین اللہ، اربن ایچ ای اوکلیم الدین، آتش فرو چرن کمار، بلدیہ نائب صدرنشین محمد جابر احمد، پی چننّا ، سی شنکرایڈوکیٹ، ڈاکٹر ناگیش، عبدالاحد، احمدخان حوالدار ، امتیاز الحق ایڈوکیٹ،کرشنا، رامو، ایم اے لطیف ، عزیزقریشی کے علاوہ بی جے پی اراکین بلدیہ گوتم پنگلے، صاحب راؤ، بالاجی ستروے ، پوشٹی اوروجئے نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں شہرکے ذمہ داروں نے تلخ یادوں کو فراموش کرتے ہوئے آپسی اتحاد اورقومی یکجہتی کے ذریعہ درگا جلوس کوگذارنے کا تیقن دیا اورنوجوان نسل کو بزرگوں کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے جذبات کو قابو میں رکھنے اور آپسی بھائی چارگی کو فروغ دینے کی اپیل کی۔اس موقع پرڈی ایس پی نرسنگ راؤ نے کہاکہ عالمی وباء کورونا کے قہر کو دیکھتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیرکے ساتھ حکومت کی جانب سے نافذکردہ احکامات کی پاسداری کریں اور گذشتہ کے تہواروں کی طرح ہی دْرگاجلوس کوبھی منائے اورشہرمیں امن وامان کی برقراری کیلئے ہر شہری سرکاری مشنری کا تعاون کرنے اور ڈی جے ساؤنڈ کا ہرگز استعمال نہ کرنے پرزور دیا۔ اس اجلاس میں مذکورہ محکمہ جات کے تمام عہدیداروں نے اپنی اپنی خدمات کو بخوبی انجام دینے کا تیقن دیا۔ واضح رہیکہ جاریہ سال شہر میں 42 درگا مورتیوں کی تنصیب عمل میں لاتے ہوئے نوراتری تقریب جاری ہے اور پیرکے روز درگا نمرجن جلوس منعقد ہوگا۔ جس کے پْرامن اختتام کیلئے سرکاری مشنری متحرک دیکھی جارہی ہے اور پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کرتے ہوئے شہر میں طلایہ گردی کے علاوہ اہم حساس مقامات وچوراہوں اور مذہبی مقامات کے اطراف پولیس جوانوں کو متعین کیا گیا۔