برقی سربراہی سے متعلق شکایات کے کال سنٹر کو عصری بنانے کے اقدامات : مشرف فاروقی

   

74 تربیت یافتہ آپریٹرس کی خدمات، گزشتہ سال کے مقابلہ شکایات میں کمی
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ نے الیکٹرسٹی کنٹرول روم کے کال سنٹر 1912 کو عصری بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس کے علاوہ فیوز آف کال (FOC) سسٹم کو عصری بنایا جائے گا۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ مشرف فاروقی آئی اے ایس نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عصری بنانے کی مساعی کے تحت 203 فیوز آف کال دفاتر کو جی پی ایس سے مربوط گاڑیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ برقی سربراہی سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کی جاسکے۔ مشرف فاروقی نے کہاکہ جی پی ایس سے مربوط گاڑیوں کی صورت میں اسٹاف کو کسٹمرس کے مقامات تک پہونچ کر شکایات کی عاجلانہ یکسوئی میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی سربراہی سے متعلق شکایات کی بروقت یکسوئی کو یقینی بنانا کمپنی کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کمپنی کی دیگر سرگرمیوں جیسے بلنگ سے متعلق شکایات، بریک ڈاؤن، فیڈر انفارمیشن اور بلنگ کلکشن کو بہتر بنانے کے لئے ایک عصری ڈیاش بورڈ متعارف کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے برقی سربراہی سے متعلق شکایات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جنوری تا جون 2023 ء برقی سربراہی سے متعلق 583672 درخواستیں 1912 کال سنٹر پر موصول ہوئی تھیں۔ جاریہ سال اِسی مدت کے دوران 397934 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے 31.82 فیصد کم ہیں۔ مشرف فاروقی کے مطابق ٹوئٹر پر آنے والی شکایات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال 35949 شکایات ٹوئٹر پر موصول ہوئی تھیں جو جاریہ سال گھٹ کر 14035 ہوچکی ہیں۔ الیکٹرسٹی کنٹرول روم 1912 کو 74 تربیت یافتہ آپریٹرس کے ذریعہ مستحکم کیا گیا ہے۔ یہ آپریٹرس 24 گھنٹے خدمات انجام دیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کال سنٹر کی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے بیک وقت 400 کالس سے نمٹنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ برقی صارفین 1912 پر شکایت درج کرتے ہوئے شکایت کی آئی ڈی وصول کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں ڈائرکٹر آپریشنس ڈاکٹر این نرسمہلو، چیف انجینئرس شیواجی، نرسمہا سوامی، سپرنٹنڈنگ انجینئرس روی کمار اور چندرشیکھر نے شرکت کی۔ 1