برقی ملازمین کیلئے ایک کروڑ روپئے کا حادثاتی انشورنس متعارف

   

2 مہلوک ملازمین کے افراد خاندان کو چیک اور احکام تقرر حوالے، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے اسکیم کی ستائش کی
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے الیکٹرسٹی ملازمین کو حادثات کی صورت میں ایک کروڑ روپئے کے انشورنس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے پرجا بھون میں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے ملازم جے نریش کے افراد خاندان کو ایک کروڑ روپئے کا چیک حوالہ کیا۔ نریش کی ڈیوٹی کے دوران حادثہ میں موت واقع ہوئی تھی۔ بھٹی وکرامارکا نے نریش کی بیوہ کو الیکٹرسٹی ڈپارٹمنٹ میں تقرر سے متعلق احکامات بھی حوالہ کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک کروڑ روپئے کا انشورنس فراہم کرنا ایک تاریخی اقدام ہے۔ حکومت نے محکمہ برقی کے ملازمین کی غیرمعمولی خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حادثات کی صورت میں ایک کروڑ روپئے تک کے انشورنس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیرقیادت اندراماں حکومت کے ذریعہ یہ ممکن ہوسکا۔ بھٹی وکرامارکا کے مطابق سابق میں کسی بھی حکومت نے برقی ملازمین کی بھلائی پر توجہ نہیں دی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد برقی ملازمین کے مطالبات اور مسائل پر ہمدردانہ غور کیا گیا ہے۔ 2 مہلوک ملازمین کے افراد خاندان کو نہ صرف انشورنس کی رقم بلکہ احکامات تقرر حوالہ کئے گئے۔ تلنگانہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے مطابق سنگارینی کالریز میں حادثاتی انشورنس کو متعارف کیا گیا جس کے بعد الیکٹرسٹی ڈپارٹمنٹ میں توسیع دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک کروڑ کے ایکسیڈنٹ انشورنس سے ملازمین میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔ اُنھوں نے برقی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ عوام کی بہتر خدمت کے لئے خود کو وقف کردیں۔ اُنھوں نے ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ورون ریڈی کو مبارکباد پیش کی جنھوں نے حادثاتی انشورنس اسکیم پر کامیابی سے عمل کیا۔ اِس موقع پر حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی اور محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔1