حیدرآباد۔/11 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آئی آئی ٹی حیدرآباد نے ڈرائیور کے بغیر چلائی جانے والی گاڑی کو متعارف کردیا ہے۔ اس ڈرائیور لیس گاڑی کو ( آٹونومس نویوگیشن ڈیٹا ریکویزیشن سسٹم ) ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور آئی آئی ٹی حیدرآباد کی جانب سے گاڑیوں کی تیاری کیلئے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کو آگے آنے کا مشورہ دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ آئی آئی ٹی حیدرآباد کے خصوصی تحقیقی شعبہ ٹکنالوجی انویشن ہب آن آٹونومس نیویگیشن ( ٹہان ) نے اس تحقیق کو فروغ دیا ہے اور آئی آئی ٹی حیدرآباد نے اس پراجکٹ کو مکمل کرلیا۔ ہندوستانی سڑکوں کے نظام اور سڑکوں کی حالت اور ٹریفک کے حالات کو دیکھتے ہوئے مکمل طرح سے ہندوستانی سڑکوں کیلئے سازگار ڈرائیور بغیر گاڑی تیار کی گئی ہے۔ اس بغیر ڈرائیور والی گاڑی کو آئی آئی ٹی حیدرآباد میں استعمال میں لایا جارہا ہے۔ اس گاڑی کو کیمپس کی مین گیٹ سے یونیورسٹی کے احاطہ میں تمام بلاکس اور شعبوں میں طلبہ اور اسٹاف و پروفیسرس کو منتقل کرنے کیلئے استعمال میں لایا جارہا ہے۔ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں ٹیسلا کی جانب سے بغیر ڈرائیور والی گاڑیاں دستیاب ہیں اور عام شہری بھی اس کو استعمال میں لاتے ہیں لیکن ان ممالک کا ٹریفک نظام، سڑکیں، خصوصی فٹ پاتھ ، سگنل سسٹم، شرائط و قوانین ہمارے ملک سے بالکل مختلف پائے جاتے ہیں۔ اس ضمن میں آئی آئی ٹی حیدرآباد کی جانب سے تیار کردہ بغیر ڈرائیور والی گاڑی بالکل مختلف اور ملک کی فطرت کے مطابق تیار کی گئی ہے جس کیلئے زائد راڈارس کو ٹہان نے استعمال کیا ہے۔ جدید راڈارس تھری ڈی ٹکنالوجی۔ الگاریدھم کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس پراجکٹ کی تیاری میں یونیورسٹی کے الیکٹریکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ، میکانیکل انجینئرنگ ، ایرواسپیس سیول ، میتھامیٹکس ڈیزائن جیسے مختلف شعبوں سے وابستہ ریسرچ اسکالرس نے حصہ لیا۔ع