گاندھی بھون میں جائزہ اجلاس، آر سی کنتیا اور اتم کمار ریڈی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) بلدی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پارلیمانی حلقوں کی اساس پر گاندھی بھون میں جائزہ اجلاس کا آغاز ہوا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اور جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا کی موجودگی میں آج میدک لوک سبھا حلقہ کے قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ سکریٹری اے آئی سی سی بوس راج، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہرالدین ، کسم کمار ، میدک لوک سبھا حلقہ کے انچارج جی انیل اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارج قائدین نے شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی نے قائدین سے کہا کہ وہ بلدی انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرے کے لئے سرگرم ہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی اور وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے ۔ عوام ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر کانگریس سے امیدیں وابستہ کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات مقامی قائدین کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ۔ زیادہ سے زیادہ میونسپلٹیز میں کامیابی کے ذریعہ آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاری جائے ۔ اتم کمار ریڈی نے کسم کمار کو بلدی انتخابات کیلئے میدک کا انچارج مقرر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں امیدواروں کے انتخاب کا اختیار مقامی قائدین کو دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر قائدین متحدہ طور پر کام کریں تو ریاست بھر میں نتائج کانگریس کے حق میں ہوں گے ۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ پارلیمانی حلقہ جات کے انچارجس کو چاہئے کہ وہ مقامی قائدین سے بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں۔