حیدرآباد: سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے بلیک فنگس کے علاج میں استعمال کئے جانے والے انجکشن کے نام پر لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس سی سی ایس مسٹر اویشنا موہنتی نے کہا کہ سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے سی سی ایس پولیس سے ایک شکایت درج کروائی کہ اس کا باپ جو بلیک فنگس مرض کا شکار ہوگیا ہے اور زیر علاج دواخانہ میں اس کے لئے انجکشن موجود نہیں ہے ۔ مجبوری میں اس نے راجندر نامی شخص سے رابطہ قائم کیا اور اس شخص نے درخواست گزار کا اعتماد حاصل کرتے ہوئے
Posaconzable
انجکشن فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے وقفہ وقفہ سے جملہ 1,29,000 رقومات اس کے بینک کھاتہ میں منتقل کئے لیکن دھوکہ باز نے رقم حاصل کرتے ہی اپنا فون بند کردیا۔ مسٹر موہنتی نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ارجن بہرا اور اس کے ساتھیوں نے ٹی وی چیانلس پر یہ خبر دیکھی کہ بلیک فنگس علاج کے لئے قیمتی ادویات کا استعمال کیا جارہا جس کا عام مارکٹ میں شارٹیج ہے ۔ اس سلسلہ میں مذکورہ ملزمین نے عوام کو دھوکہ دینے کیلئے منصوبہ تیار کیا اور عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے رقم ہڑپ لی۔ پولیس نے ارجن بہرا کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ دیگر ہنوز مفرور ہے۔
