بمراہ نے کپل دیو کا ریکارڈ توڑدیا

   

پرتھ ۔ پرتھ ٹسٹ میں بالکل وہی ہوا جو دوسرے دن کے کھیل کے آغاز میں ہونے کی امید تھی۔ جسپریت بمراہ نے دوسرے دن کے کھیل میں اپنی پہلی ہی گیند پر5 ویں وکٹ حاصل کی۔ پہلے دن کے کھیل میں بمراہ نے17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ دوسرے دن انہوں نے اسی17 رنز پر5 ویں وکٹ حاصل کی۔ بمراہ نے ایلکس کیری کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے کئی ریکارڈ بھی بنائے جن میں سے ایک کپل دیو کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنا بھی شامل ہے ۔ جسپریت بمراہ نے اپنے ٹسٹ کیریئر میں 11ویں مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے دوسری بار آسٹریلیا کے خلاف 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ بڑی بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دونوں موقعوں پر انہوں نے ان ہی کی سرزمین پر5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا اب 5واں ملک بن گیا ہے جہاں بمراہ کے پاس 2 یا اس سے زیادہ مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا ریکارڈ ہے۔ بمراہ نے جنوبی افریقہ میں زیادہ سے زیادہ 3 بار5 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے ہندوستان، انگلینڈ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز میں 2-2 بار 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کپل دیو کے بعد جسپریت بمراہ ہندوستان کے دوسرے فاسٹ بولر ہیں جنہوں نے سینا ممالک میں سب سے زیادہ 7 بار5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایک طرف جہاں بمراہ نے اس معاملے میں کپل کی برابری کر لی ہے وہیں دوسری طرف انہوں نے تیز ترین وقت میں یہ کارنامہ انجام دینے کا کپل کا ریکارڈ بھی توڑدیا ہے۔ جبکہ بمراہ نے سینا ممالک میں 7 بار 5 سے زیادہ وکٹیں لینے کے لیے صرف 51 اننگزکھیلی، کپل دیو نے 62 اننگز میں ایسا کیا۔آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میں جسپریت بمراہ کے ریکارڈ کی بات کریں تو انہوں نے اس ٹیم کے خلاف اب تک کھیلے گئے 8 میچوں میں 37 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس میں ان کی دو مرتبہ لی گئی 5 وکٹیں بھی شامل ہیں۔ اس دوران ان کی بولنگ اوسط 18.84 رہی ہے۔