بنڈی سنجے ویمن کمیشن کے دفتر پہنچے اور اپنی وضاحت پیش کی

   

حیدرآباد ۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے آج تلنگانہ مہیلا کمیشن کے روبرو حاضر ہوئے دو صفحات پر مشتمل ایک مکتوب پیش کرتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کے خلاف کوئی غیرپارلیمانی ریمارکس نہیں کیا بلکہ تلنگانہ میں بولی جانے والی زبان کا ہی استعمال کیا۔ تلنگانہ میں ارکان خاندان وہی الفاظ کا استعمال کرتے ہیں۔ بنڈی سنجے کے ساتھ بی جے پی لیگل سیل کی ٹیم بھی موجود تھی۔ کویتا کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے پر تلنگانہ مہیلا کمیشن نے اس کا سخت نوٹ لیا ہے اور ازخود کارروائی کرتے ہوئے 15 مارچ کو کمیشن کے روبرو حاضر ہونے کی بنڈی سنجے کو نوٹس جاری کی تھی جس پر بنڈی سنجے نے 15 مارچ کو پارلیمنٹ اجلاس ہونے کی وجہ سے 18 مارچ کو حاضر ہونے کا وعدہ کیا۔ آج وہ کمیشن کے سامنے حاضر ہوئے۔ مہیلا کمیشن کے دفتر پر بی آر ایس کے مہیلا قائدین موجود تھے۔ وہ بنڈی سنجے کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کویتا سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ بی جے پی مہیلا مورچہ کی خواتین بھی وہاں پہنچ گئی اور وہ بنڈی سنجے کی تائید میں نعرے بازی کررہی تھیں جس سے تھوڑی دیر کیلئے ماحول کشیدہ ہوگیا تھا۔ پولیس فوری وہاں پہنچی اور حالت کو مزید بگڑنے سے بچا لیا۔ن