بنگلور وایرپورٹ پر 75 کروڑ کی منشیات ضبط،2 خواتین گرفتار

   

بنگلورو: کرناٹک میں پولیس نے غیر قانونی طور پر منشیات کی اسمگلنگ کرتے ہوئے دو غیر ملکی خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بنگلور ایئرپورٹ پر ان کے قبضہ سے 75 کروڑ مالیت کی 37 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔گرفتار کی گئی خواتین کی شناخت نائجیریا کی بامبا فانٹا (31) اور ابیگیل اڈونیس (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ان خواتین کو دہلی سے ایم ڈی ایم اے ٹرالی بیگ میں منتقل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے موبائل فون، پاسپورٹ اور 18 ہزار روپے نقدی بھی برآمد کی۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں خواتین دہلی میں مقیم تھیں اور ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئیں۔ وہ فضائی سفر کے ذریعہ مختلف مقامات پر منشیات پہنچاتی تھیں۔
گزشتہ ایک سال کے دوران انہوں نے 37 مرتبہ ممبئی اور 22 مرتبہ بنگلور کا فضائی سفر کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بامبا فانٹا 2020 میں بزنس ویزا پر ہندوستان آئی تھی جبکہ ابیگیل اڈونیس 2016 سے ملک میں مقیم ہے۔