نئی دہلی : کرناٹک ہائیکورٹ نے بنگلورو کے مقامات پر 11 اگسٹ 2020 ء کو پیش آئے تشدد کے سلسلے میں گرفتار 115 مسلمانوں کو ضمانت عطا کردی ہے ۔ یہ تشدد ایک کانگریس لیڈر کی جانب سے فیس بک پر پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف گستاخانہ پوسٹ پر بھڑک اُٹھا تھا ۔ پولیس نے سخت قانون یو اے پی اے کے تحت سینکڑوں گرفتاریاں عمل میں لائے تھے ۔ بعد میں تحقیقات این آئی اے کو سونپ دی گئی تھی ۔ عدالت نے ایسی گنجائش کے تحت ضمانت پر 115 افراد کی رہائی کا حکم دیا جو بعض مخصوص حالات میں خود بخود پیدا ہوجاتی ہے ۔ این آئی اے مصرحہ وقتِ مقررہ میں ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ ہائیکورٹ نے این آئی اے کو تحقیقات کی تکمیل کے لئے اضافی 90 یوم کا وقت دینے سے متعلق خصوصی عدالت کے حکمنامہ کو کالعدم کردیا ۔ عدالت نے کہا کہ مدت میں اس طرح کی توسیع قانونی طورپر قابل قبول نہیں کیونکہ ملزمین کو قانون کے مطابق اس سے واقف نہیں کرایا گیا ۔