ڈھاکہ ۔ ہندوستانی لڑکے کے عشق میں مبتلا 22 سالہ بنگلہ دیشی لڑکی دریا پار کر کے اپنے عاشق سے جا ملی۔ ہندوستانی سائٹ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق 22 سالہ بنگلادیشی لڑکی کرشنا منڈل نے اپنے بوائے فرینڈ سے ملنے کے لیے پہلے خطرناک جنگل عبور کیا، بعد ازاں دریا میں تیرتے ہوئے ہندوستان پہنچ گئی۔ رپورٹس کے مطابق اس نوجوان لڑکی نے مسلسل ایک گھنٹے تیر کر یہ خطرناک فاصلہ طے کیا اور ہندوستانی ریاست مغربی بنگال پہنچی۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق لڑکی اور لڑکے کی محبت سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر پروان چڑھی تھی، عشق میں مبتلا اب یہ جوڑا کلکتہ میں کورٹ میرج کر چکا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشنا نے اپنے بوائے فرینڈ سے ملنے کے لیے یہ انتہائی قدم پاس پاسپورٹ نہ ہونے کے سبب اٹھایا تھا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس خبر کے وائرل ہونے کے نتیجے میں ہندوستانیپولیس حرکت میں آ گئی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق غیرقانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے پر لڑکی کرشنا منڈل کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جَلد ہی بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔