نئی دہلی : بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کی اسپیکر شیریں شرمین چودھری نے ہندوستان میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو ایک تہائی سیٹوں پر ریزرویشن دینے والے ناری شکتی وندن ایکٹ کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے ساتھ ایک ملاقات میں چودھری نے ناری شکتی وندن ایکٹ کو قابل ستائش قدم قرار دیا۔ چودھری کل سے یہاں شروع ہونے والے پی-20 پارلیمانی اسپیکرس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو کانفرنس کے مقام یشوبھومی میں برلا کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔میٹنگ کے دوران، برلا نے جی-20 ممالک کی کانفرنس میں ‘نئی دہلی لیڈرز ڈکلیریشن’ کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سے عصری عالمی مسائل کے عملی حل کی راہ ہموار ہوگی۔ برلا نے کہا کہ چودھری کے خیالات اور تجربات کے ساتھ پی 20بات چیت زیادہ بامعنی، جامع اور موثر ہوگی۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔