بچوں کا اغواء کرنے والے ریاکٹ کا پردہ فاش،خاتون سمیت تین افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) چندانانگر پولیس نے بچوں کا اغوا کرنے والے ایک ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور تین افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر سائبرآباد ڈاکٹر بی رمیش نے ایک پریس کانفرنس کے دوران مغویہ تین سالہ بچی کو اس کی والدہ کے حوالے کردیا اور بتایا کہ 36 سالہ کے سرینواس ساکن وقارآباد، 23 سالہ ڈی راماکرشنا ساکن بنڈلہ گوڑہ اور 31 سالہ پی نونیتا ساکن پریم نگر محبوب نگر کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 15جولائی کو لنگم پلی ریلوے اسٹیشن سے ایک تین سالہ بچی کا اغوا کرلیا گیا تھا۔ شکایت کے بعد پولیس نے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا اور بچے اغوا کرنے اور فروخت کرنے والے ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ کمشنر پولیس کے مطابق نونیتا جو ایک اسٹاف نرس اور لیباریٹری میں کام کرتی ہے بے اولاد جوڑوں کو بچے فروخت کیا کرتی تھی۔ لیباریٹری اور ہاسپٹل سے رجوع ہونے والی حاملہ خواتین پر نظر رکھتی تھی اور اس نے ایک نیٹ ورک تشکیل دیا تھا۔ دو ماہ قبل رانی نامی ایک خاتون نونیتا سے رجوع ہوئی تھی اور ایک بچی کو غیرقانونی طور پر حاصل کرنے کیلئے پیشکش کی تھی جس کے بعد نونیتا نے سرینواس سے رابطہ کیا اور سازش تیار کی گئی۔ چندانگر پولیس نے اس ٹولی کاپردہ فاش کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ع