بھارت جوڑو یاترا 23 اکتوبر کو تلنگانہ میں داخل ہوگی: ملو روی

   


دو دن آرام کے بعد ریاست میں 26 سے یاترا کا آغاز
حیدرآباد ۔10 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے سلسلہ میں مکتھل سے حیدرآباد تک انتظامات کے انچارج کے طورپر نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی کو مقرر کیا گیا ہے ۔ ملو روی نے تمام اسمبلی حلقہ جات کے انچارج قائدین کے ساتھ 15 اکتوبر کو جائزہ اجلاس طلب کیا ہے جس میں صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی شرکت کریں گے ۔ ملو روی نے بتایا کہ 23 اکتوبر کو صبح 8 بجے راہول گاندھی کی یاترا تلنگانہ میں داخل ہوگی۔ 24 اور 25 اکتوبر کو آرام کے بعد 26 اکتوبر سے یاترا کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ مکتھل ، دیورکدرا ، محبوب نگر ، جڑچرلہ ، شاد نگر ، شمس آباد سے گزر کر یاترا حیدرآباد میں داخل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے راستہ میں راہول گاندھی عوام سے خطاب کریں گے۔ اسمبلی حلقہ جات نارائن پیٹ ، مکتھل ، دیور کدرا ، محبوب نگر ، جڑچرلہ ، شاد نگر ، راجندر نگر اور دیگر اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کرے گی۔ ہر ایک دن ایک پارلیمانی حلقہ سے تعلق رکھنے والے کارکن یاترا میں شریک ہوں گے۔ کئی غیر سیاسی تنظیموں اور جہد کاروں نے یاترا میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میں یاترا کے روٹ میاپ کی تفصیل عنقریب جاری کی جائیں گی۔