بھارت جوڑو یاترا سے مستقبل کا تعین ہوگا

   


مہاراشٹرا کی آبزرویشن ٹیم سے ریونت ریڈی کا تبادلہ خیال
حیدرآباد 3 ستمبر ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ ملک کا سیاسی مستقبل بدل جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جس طرح ملک میں گاندھی جی کی جدوجہد کو یاد کیا جاتا ہے اسی طرح راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو بھی یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کا حصہ بننے کا ہر ایک کیلئے بہترین موقع ہے ۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جس سے ملک کے مستقبل کا تعین ہوگا ۔ ریونت ریڈی نے منیا کونڈہ میں کل ہند کانگریس کے سکریٹری مسٹر سمپت کی قیامگاہ پر مہاراشٹرا بھارت جوڑو یاترا آبرزویشن ٹیم کے ارکان سے ملاقات کی ۔ مہاراشٹرا کی ٹیم حیدرآباد آئی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا کا کرناٹک میں سلسلہ 22 دن جاری رہے گا اور چار دن تک یاترا آندھرا پردیش سے گذرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران تلنگانہ اور مہاراشٹرا قائدین کی ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کے تعلق سے غور کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے قائدین کے دورہ کرناٹک کے تعلق سے بھی غور کیا گیا ۔ کانگریس کا دعوی ہے کہ بھارت جوڑو یاترا کا ملک میں نفرت انگیز ماحول اور بی جے پی کی تقسیم پسندانہ سیاست کے خلاف انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس یاترا کا مقصد ملک کے عوام کو معاشی عدم مساوات ‘ سماجی تقسیم اور سیاسی اختیارات مرکوز کردئے جانے کے مضر اثرات سے واقف کروانا ہے۔