بھونگیر کے گورنمنٹ اسکول کے طلبہ میں تعلیمی اشیاء کی تقسیم

   

بھونگیر ۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھونگیر میں آج مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے مقامی ایم این آر گارڈن فنکشن ہال میں سرکاری اسکولس کے طلبہ وطالبات میں تعلیمی مواد واسکول بیاگس کی تقسیم عمل میں آئی۔اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر ریاستی لائبریری چیرمین ڈاکٹر محمد ریاض نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ سخت محنت اور سچی لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرے۔تعلیم سے ہی ترقی ممکن ہے۔تعلیم کے بغیر ترقی حاصل کرنا مشکل ہے۔انہوں نے طلبہ پر زوردیتے ہوئے کہا کہ وہ احساس کمتری کا شکار نہ ہوبلکہ حصول تعلیم کے ذریعہ اپنے مستقبل کو تابناک بنائے۔انہوں نے کہا کہ لڑکیاں صرف گھر تک ہی محدود نہ رہے بلکہ وہ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اونچے مقام تک پہنچے اور سماج کی بہتری کیلئے کام کرے۔انہوں نے تعلیمی مواد کی تقسیم پر مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کمیٹی کی ستائش کی اور اسی طرح تعلیمی سطح پر کام کرتے ہوئے تعلیمی رجحان کو پروان چڑھانے اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کا مشورہ دیا۔