بہا ر: صحافیوں کے پنشن میں اضافہ، کھیل اور سیاحت کیلئے بجٹ

   

پٹنہ، 29 جولائی (ایجنسیز) بہار کابینہ کی میٹنگ میں منگل کو جملہ 41 تجاویز کو منظوری دی گئی، جن میں سب سے نمایاں فیصلہ صحافیوں کی پنشن میں اضافہ کا رہا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں صحافیوں کی ماہانہ پنشن 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 15 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جس سے ریاست کی صحافتی برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔میٹنگ کے بعد ایڈیشنل چیف سکریٹری ایس سدھارتھ نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے کے مقصد سے راجگیر میں واقع اسپورٹس اکیڈمی کیلئے 1131 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت اور سہولیات کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔کابینہ نے سیتامڑھی ضلع میں پنورادھام مندر کے قریب سیاحت کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے 120.58 کروڑ روپے کی اسکیم پر نظرثانی کرتے ہوئے 165 کروڑ روپے کی ترمیمی منظوری دی ہے، جس میں 50.50 ایکڑ اراضی کا حصول بھی شامل ہے۔ثقافتی ورثے کے تحفظ کی سمت میں، مونگیر کے مشہور سیتا کنڈ میلہ کو ریاستی میلے کا درجہ دے دیا گیا ہے۔