بہار ‘ الیکٹرانک گاڑیوں کی خریداری میں 10 گنا اضافہ

   

پٹنہ، 27 جون (یو این آئی) عالمی سطح پر پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے درمیان بہار میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کو اپنانے کا سلسلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، پانچ برسوں میں ای وی کی خریداری میں تقریباً 10 گنا اضافہ درج کیا گیا ۔ 2020 میں جہاں ای وی کی تعداد 12,400 کے قریب تھی، وہیں گزشتہ برس قریب ایک لاکھ 23 ہزار کو چھو چکی ہے ۔ اس دوران ریاست میں رجسٹرڈ کل 81 لاکھ 68 ہزار گاڑیوں میں سے تقریباً 06 فیصد یعنی 04 لاکھ 83 ہزار ای وی ہیں۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف بہار کی بدلتی ٹرانسپورٹ ثقافت کو ظاہر کرتے ہیں، بلکہ ماحولیاتی تحفظ کی سمت میں بڑا قدم بھی ثابت ہو رہے ہیں۔ 2021 میں ای وی کی رجسٹریشن میں 85.5 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ 2022 میں اس میں اچھال آیا اور تعداد 55,700 سے زیادہ ہو گئی۔ 2023 میں ریاستی حکومت سے ای وی پالیسی کے بعد یہ تعداد قریب 90 ہزار تک پہنچ گئی۔ 2024 میں یہ تعداد ایک لاکھ 12 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔ جاریہ سال 2026 میں اب تک ریاست میں 8 لاکھ گاڑیاں رجسٹر کی گئی ہیں، جن میں ای وی کی تعداد 68 ہزار ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ دامودر راوت نے اس بدلتے رجحان کو ماحولیاتی نقطہ نظر سے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ایک بیدار اور ذمہ دار شہری ای وی کو اپنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ رجحان ماحولیاتی نقطہ نظر سے اہم ہے کیونکہ اس سے فضائی آلودگی کم ہوگی، روایتی ایندھن پر انحصار گھٹے گا اور صاف ستھری توانائی سے آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول ملے گا۔