بہار میں ووٹر لسٹ سے کسی کا نام حذف نہیں ہوگا:چیف الیکشن کمشنر

   

پٹنہ۔ 5؍جولائی(ایجنسیز)بہار میں ووٹر لسٹ کی ترمیم کا معاملہ ان دنوں زوروں پر ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں، خاص طور سے کانگریس و آر جے ڈی اس کی پرزور مخالفت کر رہی ہیں۔ اس درمیان چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا ووٹر لسٹ میں ترمیم پر ہفتہ5 جولائی کو ایک وضاحتی بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ سے کسی کا نام حذف نہیں ہوگا۔ ایک ذاتی تقریب میں شرکت کرنے فیروزآباد پہنچے گیانیش کمار نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہار اسمبلی انتخاب کی تیاری 4 ماہ پہلے شروع ہو چکی ہے۔ الیکشن کمیشن کیلئے سب سے اہم ووٹرس ہوتے ہیں اور پھر سیاسی جماعتیں۔ بہار اسمبلی انتخاب سے قبل فہرست تیار کرنے کے حوالے سے جو سوال اٹھائے جا رہے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب سے قبل ریاست کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں 2003 میں ہوئے اسمبلی انتخاب کی ووٹر لسٹ میں جو بھی ووٹر ہے، انہیں آئین کے آرٹیکل 326 کے تحت اہل ووٹر تصور کیا جائے گا۔

2002 میں بہار ریاست کی ووٹر لسٹ کی مکمل نظر ثانی جس طرح کی گئی تھی، اسی طرح اس بار بھی جولائی سے اگست تک ووٹر لسٹ کی دوبارہ نظر ثانی کی جا رہی ہے۔ اس کی ڈیڈ لائن 31 دن کی ہوتی ہے، اسی متعینہ مدت میں ووٹر لسٹ کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔