ویلنٹائن ڈے پرSecret Lovers کون ہیں؟ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) یومِ عاشقان (Valentine Day) دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ محبوب اور محبوبہ ایک دوسرے سے اُس دن خاص طور پر محبت کا اظہار کرتے ہیں، تاہم تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں بی آر ایس اور بی جے پی نے اپنے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعہ ایک دوسرے کو کانگریس سے خفیہ عاشقی پر مبارکباد پیش کی جو موضوع بحث بن گیا۔ بی آر ایس نے ایکس پر کانگریس۔ بی جے پی کو ویلنٹائن ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں Secret Lovers قرار دیا اور کہا کہ برسوں سے دونوں کے درمیان ’’خفیہ عاشقی‘‘ جاری ہے اور ساتھ ہی وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی فوٹو کو پیش کیا۔ کیپشن میں لکھا کہ کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹیز کا وعدہ کیا، اس پر عمل نہ کرنے کے باوجود بی جے پی خاموش ہے،کبھی اس نے سوال نہیں کیا۔ اِسی طرح ریاست تلنگانہ کو بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کی جانب سے فنڈس جاری نہ کرنے پر کانگریس کی جانب سے مرکز کے خلاف خاموشی اختیار کی گئی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان ’’خفیہ عاشقی‘‘ ہے۔ دوسری جانب تلنگانہ بی جے پی نے بھی اپنے ایکس آفیشل اکاؤنٹ سے اس کا جواب دیتے ہوئے ’’خفیہ محبت ‘‘کرنے والوں کو ویلنٹائن ڈے کی مبارکباد پیش کی۔ بی جے پی نے کانگریس اور بی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کیا اور کہا کہ جب عوام اُنہیں دیکھتے ہیں تو وہ آپس میں لڑتے ہیں ، اور جب لوگ نہیں دیکھتے ہیں تو ساتھ میں رہتے ہیں۔ بی آر ایس حلقوں کی جانب سے کانگریس اور بی جے پی کو ویلنٹائن ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کئی ویڈیوز پیش کئے۔ واضح رہے کہ کانگریس بھی بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ سازباز ہونے کی الزامات عائد کرتی رہی ہے اور دونوں جماعتوں کو ایک ہی سکے کے دو رُخ قرار دیا ہے۔ اس تناظر میں پولیٹیکل ویلنٹائن ڈے پر کانگریس، بی جے پی اور بی آر ایس پارٹیوں میں اصل اور ’’خفیہ عاشقی‘‘ کرنے والے کون ہیں، اس بات پر سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔