کے سی آر کو شکست کا یقین،ریونت ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد۔18۔مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بی آر ایس اور بی جے پی کے ناراض قائدین کو کانگریس میں شمولیت کی کھلی دعوت دی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ایسے تمام قائدین جو تلنگانہ میں کے سی آر کی شکست دیکھنا چاہتے ہیں انہیں کانگریس میں شمولیت اختیار کرنی چاہئے کیونکہ صرف کانگریس ہی بی آر ایس کو شکست دینے کی طاقت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی قائدین جو کے سی آر کی شکست کی خواہش میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ، وہاں انہیں پتہ چلا کہ بی جے پی اور کے سی آر دراصل ایک ہی ہیں۔ لہذا وہ قائدین اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ایٹالہ راجندر ، وشویشور ریڈی ، راج گوپال ریڈی ، جی ویویک ، پی سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ سے وہ کانگریس میں شمولیت کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میری قیادت سے کسی کو اختلاف ہے تو میں ایک قدم پیچھے ہٹنے کے لئے تیار ہوں۔ سونیا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی قیادت نے انہیں کام کیلئے تیار ہونا چاہئے ۔ کسی بھی مسئلہ پر وہ ہائی کمان سے بات چیت کرسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مخالف کے سی آر طاقتوں کو کانگریس میں شمولیت اختیار کرنی چاہئے کیونکہ تلنگانہ عوام کی عین خواہش کے سی آر کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اپنی شکست کا یقین ہوچکا ہے اور وہ ارکان اسمبلی کو قربانی کا بکرا بناتے ہوئے شکست کا ٹوکرا ان کے سر رکھنا چاہتے ہیں۔ ارکان اسمبلی کی عدم کارکردگی کو شکست کی وجہ بتائی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب منائے گی اور کے سی آر کے لئے یہ آخری یوم تاسیس رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی علحدہ تلنگانہ تشکیل نہ دیتی تو کے سی آر خاندان درگاہ یوسفینؒ اور برلا مندر کے باہر بھیک مانگنے پر مجبور ہوجاتا۔ر