نئی دہلی۔ 21 اگست (سیاست نیوز) دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے دہلی شراب پالیسی معاملہ سے متعلق سی بی آئی کیس میں بی آر ایس لیڈر کے کویتا کی عدالتی تحویل آج ختم ہورہی تھی لہذا انہیں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پیش کیا گیا جہاں خصوصی جج کاویری باویجا نے تحویل میں 28 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ سی بی آئی نے اس معاملہ میں کجریوال کیخلاف 29 جولائی کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔ 22 جولائی کو راؤس ایونیو کورٹ نے کے کویتا کیخلاف سی بی آئی کی جانب سے داخل کردہ چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ کویتا کو اس معاملہ میں سی بی آئی نے 11 اپریل 2024 کو گرفتار کیا تھا اور 7 جون کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔ آپ کو بتا دیں کہ 29 مئی کو عدالت نے کے کویتا کیخلاف ای ڈی کی طرف سے دائر چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔اس معاملہ میں اب تک 18 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سنجے سنگھ کو باقاعدہ ضمانت دے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی اور ای ڈی دونوں معاملات میں سسوڈیا کو بھی ضمانت دے دی ہے۔ ای ڈی نے کجریوال کو پوچھ تاچھ کے بعد 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ کجریوال کو سی بی آئی نے 26 جون کو گرفتار کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ای ڈی معاملہ میں کجریوال کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔ ای ڈی نے سنجے سنگھ کو 4 اکتوبر کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے 9 مارچ 2023 کو اس معاملہ میں پوچھ گچھ کے بعد منیش سسوڈیا کو تہاڑ جیل سے گرفتار کیا تھا۔ سسوڈیا کو اس سے قبل 26 فروری 2023 کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔