بی جے پی ،ریونت ریڈی حکومت کی ’’ڈھال ‘‘: کے ٹی آر

   

دہلی کے 35 دوروں سے تلنگانہ کو کچھ نہیں ملا تو 36 ویں دورے سے کیا ملے گا!
حیدرآباد۔ 25 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کیلئے بی جے پی پارٹی ’’ڈھال‘‘ بن چکی ہے۔ کے سی آر کی پارٹی کو ختم کرنے کیلئے دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے سے سازباز کرلیا ہے۔ اسٹیشن گھن پور کے تلنگانہ بھون میں پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر سابق زیڈ پی ٹی سی رکن کے وینکٹیشورلو اور کانگریس کے سینئر قائد ایم راجیشور ریڈی نے بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا کے ٹی آر نے پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابی منشور میں غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے ایک لاکھ روپئے کے ساتھ ایک تولہ سونا تحفہ میں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ 15 ہزار روپئے ریتو بھروسہ، 2 لاکھ روپئے تک کسانوں کے قرض معاف کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا۔ کانگریس حکومت کے 450 دن مکمل ہوچکے ہیں، اس دوران ریاست میں 450 کسان خودکشی کرچکے ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ تلنگانہ کی کیا صورتحال ہے۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں ہر طرف خوشحالی تھی، زرعی پیداوار میں ملک میں ریکارڈ توڑ مقام حاصل کیا تھا۔ ریونت ریڈی حکومت میں کسان پریشان ہیں، زرعی شعبہ بحران کا شکار ہے، خواتین کو ہر ماہ 2,500 روپئے معاوضہ دینے کا وعدہ کیا تھا، وہ بھی تاحال نہیں دیا گیا۔ نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ کا وعدہ کیا گیا، اس پر بھی آج تک عمل نہیں کیا گیا، سالانہ 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا، اس سے بھی انحراف کیا گیا اور اب صورتحال یہ ہے کہ سماج کا کوئی طبقہ ریونت ریڈی حکومت سے مطمئن نہیں ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 14 مہینوں کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 35 مرتبہ دہلی کا دورہ کیا، لیکن ریاست کو 35 تک بھی حاصل نہیں ہوئے۔ اب چیف منسٹر دہلی کا 36 واں دورہ کررہے ہیں جبکہ ریاست کو ترقی دلانے اور عوام کی بہبود کی فکر کرنے کے بجائے چیف منسٹر دہلی کو نوٹوں سے بھرے تھیلے روانہ کررہے ہیں۔ 2