خواتین تحفظات بل پر عمل آوری کا مطالبہ، مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ملک میں خواتین کیلئے 33 فیصد تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ مہیلا کانگریس کی جانب سے بی جے پی آفس کے گھیراؤ کی کوشش کی گئی۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں مہیلا کارکنوں کی کثیر تعداد نے گاندھی بھون سے بی جے پی آفس جلوس کی شکل میں پہنچ کر گھیراؤ کی کوشش کی۔ پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے مہیلا کانگریس کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ احتجاجیوں نے نریندر مودی اور بی جے پی کے خلاف نعرے بازی کی اور پارلیمنٹ میں منظورہ 33 فیصد تحفظات بل پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیاکہ نریندر مودی حکومت نے لوک سبھا انتخابات سے قبل 33 فیصد ویمنس ریزرویشن پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا۔ حکومت کی تشکیل کے بعد اس وعدہ کو فراموش کردیا گیا ہے۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے کہا کہ انتخابی فائدہ کیلئے مودی حکومت نے خواتین کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی خواتین کے تحفظات پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے تو اسے تمام شعبہ جات میں تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنانا چاہیئے۔ احتجاج کے موقع پر گاندھی بھون سے بی جے پی آفس تک پولیس کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے۔ بعض احتجاجی خواتین بی جے پی آفس تک پہنچ گئیں لیکن انہیں دفتر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ مہیلا کانگریس نے اعلان کیا کہ ویمنس ریزرویشن بل پر عمل آوری تک خواتین کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تحفظات بل کی کانگریس نے تائید کی ہے اور عمل آوری میں ہر ممکن مدد کرے گی۔1