اگر بی ایل سنتوش بے قصور ہے تو راہ فرار اختیار کیوں کی اور بنڈی سنجے کیوں آنسو بہا رہے ہیں
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے بی جے پی پر بھگوان رام کا نام لے کر غنڈا گردی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انکم ٹیکس اور ای ڈی کے دھاؤں سے ٹی آر ایس ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی ۔ یلاریڈی میں منعقدہ ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کی دختر کویتا نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک ماہ سے انکم ٹیکس اور ای ڈی کے عہدیدار تلنگانہ میں وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کے خلاف دھاوے کرتے ہوئے پریشان کررہے ہیں ۔ قانونی طور پر کاروبار کرنے میں کیا برائی ہے ۔ عہدیدار جو بھی سوالات کررہے ہیں اس کا معقول جواب دیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ والے ڈرنے گھبرانے والے نہ ہونے کا کویتا نے دعویٰ کیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے چوروں کے خلاف تحقیقات کرنے پر بھی بی جے پی کو اعتراض ہے ۔ ہائی کورٹ سے رجوع ہو کر تحقیقات میں حائل ہونے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ہائی کورٹ سے حکم التواء حاصل کرنے پر ہم سپریم کورٹ سے رجوع ہو کر تحقیقات کرنے کی اجازت حاصل کرچکے ہیں ۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے یادگیری گٹہ پہونچ کر مندر میں جھوٹی قسم کھائی ہے ۔ ارکان اسمبلی خریدی کے معاملے میں بی جے پی کے قومی قائد بی ایل سنتوش کا نام منظر عام پر آیا ہے ۔ پوچھ تاچھ کے لیے طلب کرنے پر وہ راہ فرار اختیار کی ہے ۔ عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے ۔ بنڈی سنجے کی آنکھوں سے کل آنسو رواں ہوگئے ۔ ہمارے قائدین دودھ کے دھلے ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں پھر عدالت سے رجوع ہو کر تحقیقات میں کیوں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں ۔ پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے کی عدالت نے ہدایت دی ہے پھر بھی حاضر نہیں ہورہے ہیں جب ہم کو کوئی ڈر نہیں ہے تو انہیں کس بات کا ڈر ہے۔ کیوں تحقیقات سے فرار ہورہے ہیں ۔ بھگوان رام کے نام کا استحصال کرتے ہوئے بی جے پی غنڈا گردی کررہی ہے ۔۔ ن