بی جے پی سے مقابلہ کیلئے کانگریس کی قیادت سونیا گاندھی کریں گی

   

پرشانت کشور کی تجویز، غیر گاندھی کو ورکنگ پریسیڈنٹ کا عہدہ، پارٹی میں عنقریب شمولیت
حیدرآباد۔22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کو 2024 ء عام انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے تیار کرنے کی سرگرمیوں میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔ انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور ان دنوں کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اجلاسوں میں مصروف ہیں اور ملک بھر کیلئے انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی جارہی ہے۔ باوثوق ذرائق کے مطابق پرشانت کشور نے کانگریس کی قیادت کے مسئلہ پر مختلف گوشوں میں چل رہی قیاس آرائیوں کا جواب دیتے ہوئے سونیا گاندھی کے صدارت پر برقرار رہنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ملک بھر میں کئے گئے سروے کے مطابق سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پرشانت کشور نے تجویز پیش کی کہ سونیا گاندھی کانگریس کی زیر قیادت اتحاد کی قیادت کریں اور غیر گاندھی کو ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ پر نامزد کیاجائے ۔ پرشانت کشور نے راہول گاندھی کی قیادت میں پارلیمانی بورڈ کی تشکیل اور پرینکا گاندھی کو اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج کوآرڈینیشن مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرشانت کشور نے پریزینٹیشن اور سلائیڈس کے ذریعہ انتخابی حکمت عملی کی تفصیلات پیش کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پرشانت کشور نے انتخابات سے قبل تمثیلی کابینہ تشکیل دینے کی سفارش کی ہے تاکہ بی جے پی کا مختلف مسائل پر موثر انداز میں جواب دیا جاسکے۔ پرشانت کشور کی عنقریب کانگریس میں باقاعدہ شمولیت کا امکان ہے۔ وہ پارٹی میں اپنے رول کے بارے میں قیادت سے بات چیت کر رہے ہیں۔ انتخابی حکمت عملی کے تحت عوام کی ضروریات اور ان کی پسند کے مطابق کام کرنے اور عوام میں مقبول قائدین کو پیش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ عوام کے درمیان ایک نئی کانگریس کا چہرہ پیش کیا جائے گا جو بآسانی قابل قبول ہوسکتا ہے۔ نئی پارٹی بدعنوانیوں اور اقرباء پروری سے پاک ہوگی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرشانت کشور کی شمولیت کے بعد انہیں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔ ر