بی جے پی لیڈر کے کمبل تقسیم پروگرام میں بھگدڑ، 3خواتین کی موت

   

کولکتہ:مغربی بنگال کے آسنسول میں کل شام ریاست میں بی جے پی کا چہرہ اور اپوزیشن قائد شبھیندو ادھیکاری کے کمبل تقسیم پروگرام میں بھگدڑ مچ گئی۔ خبروں کے مطابق بھگدڑ کی زد میں آنے سے تین خواتین کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو آسنسول ضلع ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ بھیڑ کا زیادہ ہونا بتایا جا رہا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت ہوا جب شبھیندو ادھیکاری اپنی تقریر ختم کر تقریب کے مقام سے چلے گئے تھے۔ تقریب کا انعقاد آسنسول کے سابق میئر اور بی جے پی لیڈر جتیندر تیواری نے کیا تھا۔ شبھیندو ادھیکاری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ آسنسول پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے اس تقریب کی کوئی اجازت نہیں لی تھی۔اس حادثے کو لے کر ٹی ایم سی شبھیندو ادھیکاری پر تنقید کر رہی ہے۔ ٹی ایم سی نے اس حادثے کے لیے حزب مخالف لیڈر کو ہی قصوروار ٹھہرایا ہے۔ پارٹی ترجمان کنال گھوش نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پتہ چلا ہے بی جے پی نے پولیس کی اجازت کے بغیر اس غیر قانونی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ اس طرح غریبوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔ گھوش نے مزید کہا کہ شبھیندو ادھیکاری کو اس حادثے کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ انھیں اس حادثے کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی کا ماحول دیکھا گیا۔