ایس سی ‘ ایس ٹی اور بی سی تحفظات ختم کرنے ریونت ریڈی کا بیان بے بنیاد‘ میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی مسلم تحفظات ضرور ختم کرے گی۔ مودی دورِ حکومت میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹرس پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ملک میں تیسری مرتبہ بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی اور نریندر مودی ہیٹ ٹرک بناتے ہوئے اگلے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو عوام کی جانب سے مثبت ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ انہیں یقین ہے تلنگانہ میں بی جے پی 10 سے زائد پارلیمانی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ امیت شاہ نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت تبدیل ہوئی ہے، مگر ابھی بھی حکومت کی اسٹیرنگ اویسی کے ہاتھ میں ہے۔ کانگریس کیلئے تلنگانہ اے ٹی ایم میں تبدیل ہوگیا ہے۔ تلنگانہ سے بڑے پیمانے پر فنڈس دہلی منتقل ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی بی جے پی پر تحفظات ختم کرنے کا الزام عائد کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ بی جے پی ایس سی ، ایس ٹی، بی سی تحفظات کو برقرار رکھے گی، مگر مسلم تحفظات کو ضرور ختم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ نقلی سرجیکل اِسٹرائیک کرنے کا وزیراعظم مودی پر الزام عائد کرکے قربانی دینے والے فوجیوں کی توہین کررہے ہیں۔ تلنگانہ کے عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔
کانگریس قائد منی شنکر ایّر پاکستان کے پاس نیوکلیئر بم ہونے کا دعویٰ کرکے اس کا احترام کرنے پر زور دے رہے ہیں جبکہ بی جے پی ہر قیمت پر مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان کا حصہ بناکر رہے گی۔ اس کیلئے جنگ سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔