ریاست بھر میں کانگریس کی بھاری جیت کے واضح اشارے ، ملکارجن کھرگے کا دعویٰ
گوہاٹی : کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے نے دعویٰ کیا ہے کہ آسام میں پہلے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ ہی ریاست میں کانگریس کی شاندار جیت کے واضح اشارے مل رہے ہیں ۔ انتخابی مہم کے دوران کانگریس نے آسام کے عوام کو مودی حکومت کی ناکامیوں کی پول کھول دی ۔ جس کے نتیجہ میں آسام کے عوام حکمراں پارٹی بی جے پی کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کھرگے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آسام میں بی جے پی نے نتائج سے پہلے ہی اپنی شکست قبول کرلی ۔ آسام کے انتخابی مہم کے دوران برسر اقتدار پارٹی بی جے پی گذشتہ پانچ سالہ اپنی کارکردگی سے متعلق سوالوں کا جواب دینے سے فرار ہوتے نظر آئی ۔ گوہاٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ کانگریس نے آسام کے عوام کو مودی حکومت اور آسام کی بی جے پی حکومت کے حقائق سے واقف کروایا ہے ۔ یہ انتخابات آسام اور اس ریاست کے عوام کے مستقبل کے لیے گیم چینجر ہے ۔ ہمیں سبھی لوگوں سے اس بات کا مثبت ردعمل ملا ہے کہ اس مرتبہ آسام کے عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے ۔ پریس کانفرنس میں ملکارجن کھرگے کے ساتھ راجیہ سبھا رکن ناصر حسین اور اکھلیش پرشاد سنگھ کے علاوہ لوک سبھا رکن پارلیمنٹ عبدالخالق بھی موجود تھے ۔ بی جے پی نے آسام میں اپنے موجودہ کئی ارکان اسمبلی کو ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ 60 میں سے 11 ارکان اسمبلی عوام کے سامنے جانے سے خوف زدہ تھے ۔ کیوں کہ بی جے پی نے اپنے کئی وعدے پورے نہیں کئے ۔ بی جے پی اور اس کے ساتھیوں نے پہلے ہی انتخابات میں شدید ہزیمت کو محسوس کرلیا ہے ۔۔