بی جے پی کام کرنے میں یقین رکھتی ہے ‘ صرف وعدے کرنے میں نہیں

   

دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی منشور کا تیسرا حصہ جاری ۔ امیت شاہ کی کجریوال پر شدید تنقید

نئی دہلی :مرکزی وزیر داخلہ و بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے آج دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کے منشور کا تیسرا حصہ جاری کرکے کہا کہ بی جے پی کا کلچر کام کرنے کا ہے ۔ جبکہ حکمراں عام آدمی پارٹی کا کلچر وعدوں کے ساتھ آنا اور پھر اگلے انتخابات میں معصوم چہرے کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔ عآپ حکومت اور سابق چیف منسٹر اروند کیجریوال پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ کجریوال نے دہلی میں اسکولوں اور مندروں، گرودواروں کو بھی نہیں بخشا۔ سب کو ٹھیکے دیے ، ہزاروں کروڑ کا گھپلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال نے ہر الیکشن میں صرف جھوٹے وعدے کیے ہیں، لیکن بی جے پی صرف وعدے نہیں کرتی بلکہ کام کرتی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اس سال بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات کیلیے اپنا منشور تین حصوں میں جاری کیا ہے ۔ بی جے پی نے 17 جنوری کو وکست دہلی سنکلپ پتر کا پہلا حصہ جاری کیا تھا۔ اسے جاری کرکے بی جے پی صدر جے پی نڈا نے اسے ‘ترقی یافتہ دہلی کی بنیاد’ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد 21 جنوری کو سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے سنکلپ پتر کا دوسرا حصہ جاری کیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہم انتخابات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ بی جے پی خالی وعدے نہیں کرتی ، بلکہ وہ جو بھی کہتی ہے ، اسے پورا کرتی ہے ۔ ہم نے قرارداد لیٹر تیار کرنے تجاویز مانگی تھیں اور ایک لاکھ آٹھ ہزار لوگوں نے تجاویز دیں۔ اس کے ساتھ 62 اقسام کے گروپس کے اجلاس منعقد ہوئے ۔ یہ سنکلپ پتر ان تجاویز، دہلی کے بجٹ اور دہلی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ۔ کجریوال پر تنقید کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے بہت وعدے کئے تھے ، جنہیں پورا کرنے کا نہ تو جوش ہے اور نہ ہی عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال نے کہا تھا کہ میں، میری حکومت اور کوئی وزیر سرکاری بنگلہ نہیں لیں گے ، لیکن بنگلہ لے لیا۔ یہی نہیں، انہوں نے 51 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کر کے چار بنگلوں کو ملا کر شیش محل بنایا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عآپ نے محلہ کلینک بنا کر دہلی کو دھوکہ دیا ہے ۔ لوگ پوچھتے ہیں کہ آپریشن کرانا ہے تو کہاں جائیں؟ کیا محلہ کلینک کے اندر آپریشن اور ایکسرے ہیں؟ کیا وہاں ماہر ڈاکٹر ہیں؟ ۔ محلہ کلینک کے نام پر عآپ اسپتالوں کے وعدے سے مکر گئے ۔ بستروں کی تعداد دوگنی کرنے یا 7 دن تک صاف اور مفت پانی فراہم کرنے کا کوئی وعدہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عآپ نے دہلی کو کرپشن سے پاک کرنے کا کا وعدہ کیا تھا اور عآپ کے وزراء کرپشن کے مقدمات میں جیل گئے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ دہلی میں بدعنوانی کی سطح اتنی ب زیادہ کبھی نہیں رہی، جتنی کجریوال نے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شراب پالیسی بناتے وقت ان کی آمدنی بڑھانے کا خیال رکھا گیا تھا۔ راشن کی تقسیم میں 5400 کروڑ کا گھوٹالہ، 4500 کروڑ کا بس گھوٹالہ، 571 کروڑ روپے کا سی سی ٹی وی گھوٹالہ، 2800 کروڑ کا جل نگم گھوٹالہ تھا۔