بی آر ایس کے قیام کا خیرمقدم ، وجئے واڑہ میں قومی اجلاس کی تیاریاں
حیدرآباد ۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے قومی سطح پر مقابلہ کے لئے بی آر ایس کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ٹی آر ایس مقامی پارٹی ہے جبکہ بی آر ایس کے ذریعہ ملک بھر میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ سی پی آئی ملک میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتی ہے۔ نارائنا نے کہا کہ اگر بی آر ایس کے ذریعہ بی جے پی کی تائید کی جائے تو سی پی آئی مخالفت کرے گی ۔ انہیں یقین ہے کہ کے سی آر مخالف بی جے پی موقف پر قائم رہیںگے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 اکتوبر سے وجئے واڑہ میں شروع ہونے والے 24 ویں قومی کانفرنس میں بی جے پی کے خلاف سیاسی قرارداد منظورکی جائے گی ۔ 16 اکتوبر کو مخالف بی جے پی چیف منسٹرس اور قومی قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے بیارم میں اسٹیل فیکٹری کے قیام پر مرکز کے موقف میں تبدیلی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر کشن ریڈی سنجیدہ ہیں تو انہیں وزیراعظم نریندر مودی سے بیارم میں اسٹیل فیکٹری کی منظوری حاصل کرنی چاہئے ۔ یا پھر وہ وزارت سے مستعفی ہوجائیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت مخالف عوام پالیسیوں پر عوام پیرا ہیں۔ نوجوان ، کسان اور دیگر طبقات حکومت کی پالیسیوں سے نالاں ہیں۔ سی پی آئی نے قومی سطح پر بی جے پی کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی تیاری کرلی ہے۔ر