بی جے پی کی جنوبی ریاستوں پر توجہ ‘ 60 نشستوں کا نشانہ ‘ تلنگانہ پر خاص نظر

   

حیدرآباد۔2۔جنوری(سیاست نیوز)بی جے پی نے جنوبی ہند کی ریاستوں کیلئے حیدرآباد کو اپنے مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تیارکیا اور کہا جا رہاہے کہ پارٹی نے اپنے دو روزہ اجلاس میں جنوبی ہند کی ریاستوں سے آئے مندوبین کو حیدرآباد میں تربیت کی فراہمی کے ساتھ مستقل تربیتی کلاسس کی منصوبہ بندی سے واقف کروایا ہے۔ بی جے پی نے آئندہ عام انتخابات میں جنوبی ہند کی ریاستوں سے 60 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا اور اس کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کا آغاز حیدرآباد سے کیا جاچکا ہے۔ بی جے پی کو گذشتہ 8 برسوں میں شمالی ہندو دیگر ریاستوں میں جو استحکام ملا ہے اسے دیکھتے ہوئے پارٹی نے اب شمالی ہند کی ریاستوں کے ساتھ جنوبی ریاستوں میں بھی قدم جمانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ انتخابات میں بی جے پی اور جے ڈی یو کا بہار میں اتحاد تھا جس کے نتیجہ میں بہار میں بی جے پی کو زبردست کامیابی ملی تھی اور اسی طرح مہاراشٹرا میں بھی پارٹی کو عام انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی تھی لیکن اب دونوں ریاستوں میں بی جے پی اتحاد میں دراڑ آچکی ہے جس کی وجہ سے زائد از 100 نشستوں پر بی جے پی کو شکست کا خدشہ ہے اور وہ ان خدشات کے ساتھ انتخابات کا سامنا کرنے کی بجائے جنوبی ریاستوں میں ان نشستوں پر توجہ دینے کا منصوبہ تیار کررہی ہے جن پر پارٹی کو کبھی کامیابی نہیں ملی ہے یا پھر مختصر مدت کیلئے کبھی بی جے پی نے جن نشستوں پر قبضہ جمانے میں کامیابی حاصل کی تھی ان پو توجہ مرکوز کرکے کامیابی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ذرائع کے مطابق بہارمیں پارٹی قائدین کے اجلاس کے بعد حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں جنوبی ہند کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جنوبی ہند کی ریاستوں میں جن حلقہ جات پارلیمان پر بی جے پی کو کامیابی ملی ہے ان کے علاوہ دیگر حلقہ جات پارلیمان میں کامیابی کی راہیں ہموار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور ایسے حلقہ جات پارلیمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے جن میں بی جے پی کی کامیابی کے امکانات ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ جن حلقہ جات پارلیمان میں 2019انتخابات میں پارٹی کو دوسرا مقام ملا تھا ان نشستوں پر کامیابی کے حصول کے امکانات کا جائزہ لینے کے علاوہ طبقہ واری اساس پر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے کر جنوبی ہند کی ریاستوں کی لوک سبھا نشستوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جنوبی ہند میں جن 60نشستوں پر کامیابی کا جو نشانہ مقررکیا گیا ہے وہ موجودہ کامیاب نشستوں کے علاوہ نشستیں ہیں جن پر کامیابی کا بی جے پی کو یقین ہے۔م