نئی دہلی 10 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی مرکزی الیکشن کمیٹی کا آج منگل کو ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں 26 مارچ کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کے انتخاب پر غور و خوض کیا گیا ۔ اس کمیٹی میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں۔ اس کا اجلاس پارٹی صدر جے پی نڈا کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے چہارشنبہ کو اپنے امیدواروں کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ یہ اجلاس ایسے دن منعقد ہوا جس دن مدھیہ پردیش کے سینئر کانگریس لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا کانگریس سے مستعفی ہوئے ہیں اور انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی کی تھی ۔ امید کی جا رہی ہے کہ جیوتر آدتیہ سندھیا کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ بھی دیا جائیگا اور انہیں مدھیہ پردیش سے امیدوار بنایا جائیگا جہاں تین نشستوں کیلئے رائے دہی ہوگی ۔ آج جیوتر آدتیہ سندھیا کے ساتھ ان کے حامی ارکان اسمبلی نے بھی استعفی پیش کردیا ہے ۔ راجیہ سبھا کی 55 نشستوں کیلئے انتخابات ہونے والے ہیں جو ملک کی 17 ریاستوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔ یہ نشستیں اپریل میں مختلف تواریخ کو خالی ہو رہی ہیں کیونکہ موجودہ ارکان کی معیاد ختم ہو رہی ہے جبکہ کچھ نشستیں ارکان کے استعفوں کی وجہ سے بھی خالی ہوئی ہیں۔ اسی وجہ سے یہاں بھی انتخاب ہو رہے ہیں۔
