بنڈی سنجے کی تبدیلی کا امکان نہیں، پیروی کرنے والوں کو ٹکٹ نہیں
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی عہدہ کیلئے بی جے پی میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ پارٹی کو میری ضرورت جہاں بھی ہوگی وہاں میری خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ انہوں نے سیاسی زندگی میں کبھی بھی عہدہ کا مطالبہ نہیں کیا ہے اور مجھے کیا ذمہ داری دینا ہے اس کا فیصلہ نئی دہلی میں بی جے پی قیادت کرے گی۔ بی جے پی صدر کی تبدیلی سے متعلق اطلاعات پر راجندر نے کہا کہ بنڈی سنجے کو تبدیل کرنے کا کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بنڈی سنجے پارٹی کیلئے اپنی طاقت کے مطابق کام کررہے ہیں۔ ہر کسی کا احساس ہے کہ تلنگانہ میں پارٹی کیلئے کامیابی حاصل کرنا ہو تو طاقت میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ الیکشن میں کامیابی کیلئے کیڈر کی طاقت میں بھی اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کے تجربہ کار قائدین کو بی جے پی میں شامل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیاں درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی پارٹیوں میں قائدین کا دہلی دورہ معمول کے مطابق ہے۔ راجندر نے بنڈی سنجے کے ساتھ اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ پارٹی کے استحکام کیلئے انہوں نے تجاویز پیش کی ہیں۔ راجندر کا کہنا ہے کہ صرف کرناٹک کی کامیابی سے ملک بھر میں کانگریس کی کامیابی کا تصور کرنا خام خیالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس بات کا احساس ہے کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور بی آر ایس میں اتحاد ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں پیروی سے پارٹی ٹکٹ حاصل نہیں ہوگا بلکہ سروے کی بنیاد پر ٹکٹ دیا جائے گا۔ جو قائدین زمینی سطح پر کام کریں گے انہیں پارٹی ٹکٹ دے گی۔ر