بی سی تحفظات سے بی جے پی نے یو ٹرن لے لیا ہے: مہیش کمار گوڑ

   

مرکزی حکومت منظوری نہیں دیتی ہے تو قومی سطح پر احتجاجی مہم شروع کی جائے گی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ماضی میں بی سی طبقات کیلئے 33 فیصد تحفظات تھے، جس کو بی آر ایس حکومت نے گھٹاکر 22 فیصد کردیا ہے ۔ اسمبلی میں بل کی تائید کرنے والی بی جے پی اب یو ٹرن لے لی ہے ۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ اسمبلی میں بل بھی منظور کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی آرڈیننس بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ اسمبلی میں بل کی تا ئید کرنے والے دونوں جماعتیں بی آر ایس اور بی جے پی سیاسی تماشہ کرتے ہوئے بی سی طبقات کو بی سی طبقات کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدہ کیا تھا، اس وعدہ کو ریونت ریڈی حکومت نے پورا کیا ہے ۔ تلنگانہ میں سائنٹفک طریقہ سے ذات پات کا سروے کیا گیا ہے اور ساتھ ہی بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کیا گیا ہے ۔ ان دونوں مسائل پر راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کو دو گھنٹوں تک تفصیلات بتائی گئی ہیں جس کی دونوں قائدین نے ستائش کی ہے۔ یہ بل مرکز کے پاس زیر التواء ہے ۔ گورنر نے یہ بل مرکز کو روانہ کردیا ہے ، باوجود اس کے بل کی منظوری کے معاملہ میں مرکزی حکومت کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کر رہی ہے۔ تحفظات کے لئے 50 فیصد کی جو حد مقرر کی گئی ہے، اس کو ختم کرنے کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آواز اٹھانے کی دونوں اپوزیشن قائدین سے بات چیت کی گئی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اسمبلی میں بی جے پی نے بل کی تائید کی ہے جس کے بعد بی جے پی اب یو ٹرن لے لی ہے ۔ اس بل کو نویں شیڈول میں شامل کرنے کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے مرکزی حکومت پر دباؤ بنایا جائے گا ۔ انڈیا اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی نے انتخابات کے دوران عوام سے جو بھی وعدے کئے ، ان وعدوں کی تکمیل کے لئے حکومت بڑے پیمانہ پر اقدامات کر رہی ہے ۔ بی سی طبقات کے ساتھ انصاف کرنا کانگریس کی ذمہ داری ہے اور کانگریس پارٹی اپنے وعدہ کو نبھانے کیلئے ہر ممکن کام کرے گی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ان دو بلز کو منظوری نہیں دی جاتی ہے تو کانگریس پارٹی راہول گاندھی کی قیادت میں سارے ملک میں احتجاجی مہم شروع کرے گی ۔2